نئی دہلی، 17 جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) وزیراعظم نریندر مودی کی سربراہی میں اقتصادی امور سے متعلق کابینہ کمیٹی نے2649.44 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت کے ساتھ 150کلومیٹرلمبی الٰہ آباد۔ مغل سرائے کے درمیان تیسری ریلوے لائن کی تعمیر کو اپنی منظوری دے دی ہے۔ یہ پروجیکٹ 2023-24 تک مکمل کرلیا جائے گا اور شمال وسطی کی تعمیرسے متعلق آرگنائزیشن کے ذریعہ اس پروجیکٹ پر عمل درآمدکیاجائے گا۔یہ پروجیکٹ مستقبل کے ٹریفک سے نمٹنے اور صلاحیت میں رکاوٹوں کو دور کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا۔اس سیکشن پر مسافروں اور سامان لانے لے جانے والی ٹرینوں کی تعداد اپنی صلاحیت سے کئی زیادہ ہے۔اس کے نتیجے میں ٹرینوں کو بہت زیادہ رکناپڑتا ہے یہ پروجیکٹ صلاحیت میں اضافہ کرے گا۔ٹرینوں کے رکنے کے واقعات میں کمی کرے گا اور مستقبل میں ریل ٹریفک کے آنے جانے میں اضافہ کرے گا۔الہ آباداور مغل سرائے کے درمیان تیسری لائن کی تعمیر سے چھیوکی۔ نینی پر ٹریفک کی بھیڑ بھاڑ کو کم کرنے میں آسانی پیدا ہوگی اورقومی راجدھانی کو جوڑنے والے اہم راستوں پر سامان اور مسافر ٹرینوں کی وقت پر آنے جانے میں بھی بہتری آئے گی اس پروجیکٹ سے تقریباً36 لاکھ مزدور یا افرادکے لے تعمیرکے دوران براہِ راست روزگار پیدا ہوگا۔